ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار ضمنی انتخابات: عظیم اتحاد نے چاروں نشستوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا

بہار ضمنی انتخابات: عظیم اتحاد نے چاروں نشستوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا

Mon, 21 Oct 2024 10:43:20    S.O. News Service

پٹنہ، 21/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار ضمنی اسمبلی انتخابات کے لیے عظیم اتحاد (مہا گٹھ بندھن) نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ریاست میں چار نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے، اور ان امیدواروں پر اتحاد میں شامل تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر اپنی منظوری دی ہے۔

امام گنج سے آر جے ڈی کے روشن کمار مانجھی عرف راجیش مانجھی کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیلا گنج سے آر جے ڈی کے وشوناتھ یادو، رام گڑھ سے آر جے ڈی کے اجیت کمار سنگھ، جبکہ تراری اسمبلی سیٹ سے سی پی آئی (ایم ایل) کے راجو یادو مقابلہ کریں گے۔

خیال رہے کہ حالیہ اختتام پذیر لوک سبھا انتخاب میں بہار کے چار اراکین اسمبلی سداما پرساد (تراری)، سدھاکر سنگھ (رام گڑھ)، سریندر یادو (بیلا گنج) اور جیتن رام مانجھی (امام گنج) ارکان پارلیمنٹ منتخب ہوئے، جس بنا پر ان چاروں اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

واضح ہو کہ منگل کو الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب کے لئے تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ جس کے مطابق مہاراشٹر میں ایک مرحلہ میں انتخابات ہوں گے، جبکہ جھارکھنڈ میں دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے۔ اسی کے ساتھ 15 ریاستوں کی 48 اسمبلی سیٹوں اور 2 لوک سبھا سیٹوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں بہار کی 4 سیٹ بھی شامل ہیں، جن پر 13 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور 23 نومبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔


Share: